لاہور : معروف ماڈل ایان علی کے بعد مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے توفیق عرف ٹافی بٹ کا قریبی عزیز عبدالباسط کروڑوں روپے اور پندرہ کلو سونا اسمگل کرتےہوئے لاہور ائیرپورٹ پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
معروف ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ میں رسوائے زمانہ ہوئی تو مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے عبدالباسط بھی لا ہور ائیرپورٹ سے پندرہ کلو سونا اور تین کروڑروپے اسمگل کرتے پکڑے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے مسلم لیگ نواز کی اہم شخصیت توفیق عرف ٹافی بٹ کا نام لے لیااور اپنے بیان میں کہا ہے کہ سارا سونا اور پیسے توفیق عرف ٹافی بٹ نے دئیے۔
ابتدائی تحقیقات میں بڑے انکشافات سامنے آ رہے ہیں جس کے مطابق ملزم عبدالباسط اکیلا نہیں، بلکہ توفیق عرف ٹافی بٹ کی زیرنگرانی چلنے والے گروہ کا حصہ ہے جو ملک کی اہم ترین شخصیت کے انتہائی قریب تصور کیا جاتا ہے۔
توفیق بٹ کی ائیرپورٹ میں تین دکانیں ہیں جن کے ذریعے اسمگلنگ کی جاتی ہے اور بیرون ملک کرنسی، سونا اور جواہرات منتقل کرنے کے لئے ائیرپورٹ پر موجودان دکانوں سے مدد لی جاتی ہے۔
سامان لے جانے والے مسافر کو تمام چیزیں ائیرپورٹ کی حدود کے اندر سے فراہم کی جاتی ہیں۔ عبدالباسط اور کئی دیگر کے ذریعے اہم ترین شخصیات اور ان کی بیٹی کی اشیاء بیرون ملک بھجوائی گئیں۔
مئی 2011 کی انتخابی مہم کے دوران اہم ترین شخصیت کی بیٹی کے پروٹوکول کی ذمہ داری ٹوفی بٹ کے پاس تھی جس نے اہم شخصیت کی بیٹی کی میڈیا مہم اور دیگر اخراجات برداشت کئے تھے۔