کراچی: محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی کراچی بھر میں مختلف سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے، شہر میں مختلف مقامات میں چھاپوں اور ٹارگیٹڈ آپریشنز میں متعدد افراد گرفتار کر لئے گئے، لیاری میں مبینہ مقابلہ تین ٹارگٹ کلر مارنے کا دعوہ۔
تفصیلا ت کے مطابق محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں مختلف سیکیورٹی اداروں کی جانب سے امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لئے شہر میں کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور ٹارگٹڈآپریشن کا سلسلہ جاری ہے جن میں فرنٹئیر اور قصبہ کالونی سے بارہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ادھر سیکیورٹی اداروں نے کٹی پہاڑی اور کینٹ اسٹیشن پر آپریشن کے دوران سینتیس افراد کو گرفتار کرلیا، رات گئے لیاری میں مبینہ مقابلے میں تین ٹارگٹ کلرز کو بھی ہلاک کر نے کا دعوہ کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق لیاری کےعلاقے چاکیواڑہ میں رینجرز اور گینگ وار کے کارندوں کے درمیان مقابلے میں تین ٹارگٹ کلر مارے گئے ہے۔
اس حوالے سے ترجمان رینجرزکا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان رینجرزاہلکارسمیت بیس افراد کے قتل اور بھتہ خوری سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔