لندن: متحدہ قومی مومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے محمد انور کو رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے سبکدوش کردیا۔
ایم کیو ایم کے جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینئر رکن محمد انور کو خرابی صحت اور مسلسل علالت کے سبب رابطہ کمیٹی کی رکنیت سمیت تمام تر تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اب تنظیمی امور پر محمد انور سے رابطہ نہ کریں۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ محمد انور علالت کی وجہ سے صحیح طور پر کام نہیں کرسکتے۔ متعدد امراض کے باعث انہیں طبی معائنے کے لئے آئے دن ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ محمد انور کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے، محمد انور ان دنوں منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر ہیں۔