سابق صدر پرویزمشرف عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے، پرویزمشرف عدالت پیشی پر جانے کےلئے نکلے تو راستے میں دل کا دورہ پڑگیا، ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ اور طبی معائنہ جاری ہے۔
تقریبا پونے بارہ بجے کا وقت چک شہزاد سے ایک کارواں نکلا، سیکیورٹی قافلہ پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے لے جارہا تھا کہ سابق آرمی چیف کو دل کا دورہ پڑگیا، لمحے بھر میں گاڑیوں کا رخ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب ہوگیا۔
اے ایف آئی سی میں سابق آرمی چیف کو ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا ای سی جی کیا گیا، ای سی جی رپورٹ کے ساتھ ہی خون کے نمونے اور دیگر ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں، اسپتال ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کو ذہنی دباؤ کی وجہ سے دل کی تکلیف ہوئی۔