لاہور: موسلادھاربارشوں کے باعث مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن بیشتر دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا، خیبرپختونخوا میں بھی شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
محکمہ ایریگیشن کے مطابق دریائے کابل میں ادیزئی،ورسک، کلپانی اوربغدادہ کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ پانچ ہزارچارسواکہترکیوسک ہے۔
دریائے سوات میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، پشاورمیں سردیاب اور شاہ عالم کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں سکھربیراج کے مقام پرپانی کی صورتحال معمول پر ہے، پانی نچلے درجے کے سیلاب کی صورت میں گڈو کے مقام پر پہنچے گا۔
محکمہ ایریگیشن کے مطابق گوجرانوالہ میں دریا اپنے معمول پر بہہ رہا ہے، محکمہ ایریگیشن نے دریائے سندھ اورچناب میں سیلاب کے خطرے کے باعث فلڈوارننگ جاری کردی ہے۔