جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

میرپورایل اے3ضمنی الیکشن،غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کامیاب

اشتہار

حیرت انگیز

میرپور: آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میدان مارلیا، عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو کامیابی پرمبارکباد دی ہے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود نے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اشرف سے کانٹے کے مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرلی، بیرسٹر سلطان محمود نے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پندرہ ہزار چھ سو اکیانوے ووٹ حاصل کئے، چوہدری محمد اشرف بارہ ہزار آٹھ سو ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی پر کارکنان نے جشن منایا، بھنگڑے ڈالے اور ہوائی فائرنگ کی۔

 تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو شکست دے کر ایک بال پر دو وکٹیں گرادی ہیں۔ان کاکہنا تھاکہ تحریک انصاف نائن زیرو سے بھی جیت کر دکھائے گی۔

واضح رہے کہ میرپور آزاد کشمیر میں پولنگ وقت کے مطابق شروع ہوئی اور مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوئی، پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی ،اکیاسی پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ بارش بھی کارکنوں کے جوش کو کم نہ کرسکی۔

اہم ترین

مزید خبریں