نوابشاہ میں وین اور ڈمپر کی ٹکر سے مرجھانے والی کلیوں کی دولت پور میں نماز جنازہ ادا کر کے سپرد خاک کر دیا گیا ، گیارہ بچوں کے جنازے اٹھے تو ہزاروں افراد کے مجمع میں موجود ہرشخص کی آنکھیں نم تھیں ۔
دولت پور میں گیارہ کلیوں، دو اساتذہ اور ڈرائیور کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جنازوں کی تیاریاں گزشتہ رات سے جاری تھیں، صبح ہوئی تو بلکتی ماؤں نے اپنے جگر کے ٹکڑوں کو سفرِِ آخرت پر روانہ کر دیا، حادثہ میں جاں بحق ہونے والے وین ڈرائیور دیگر افراد کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا۔
جاں بحق بچوں کی نماز جنازہ دولت پور بائی پاس پر مولانا اکمل نے پڑھائی، جاں بحق ہونے والے دیگر بچوں کی نماز جنازہ قریبی دیہات میں ادا کر دی گئی،اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تدفین امین، مقیم ، کریم آباد اور ماڑی کے قبرستان میں کی گئی۔