کابل: وزارت خارجہ نے افغانستان میں قید اے آر وائی نیوز کے صحافی فیض اللہ کی رہائی کیلئے ننگرہار ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کراچی نے اے آر وائی نیوز کے صحافی فیض اللہ خان کی گمشدگی سے متعلق درخواست نمٹا دی، وزار خارجہ کی جانب سے دو رکنی بینچ کے روبرو جواب داخل کرا دیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کی جانب سے اے آر وائی نیوز کے صحافی فیض اللہ کی سزا کیخلاف افغانستان کی ننگر ہار ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔
فیض اللہ کو انسانی بنیادوں پر رہا کرنے کی اپیل کی گئی ہے جس کے جواب کا انتظار ہے، چیف جسٹس ننگر ہار سے پاکستان کے قونصل جنرل کی ملاقات بھی ہوئی ہے، عدالت عالیہ سندھ کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ نے فیض اللہ کی رہائی کیلئے جلال آباد میں ایک قانونی فرم کی خدمات حاصل کی ہیں.
افغان چیف آف پروٹوکول نے سفارتی روابط کے ذریعہ فیض اللہ خان کی رہائی کا وعدہ کیا ہے، اور اس معاملے پر کابل میں پاکستانی سفیر نے افغان وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کی ہے۔۔وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش ہونے کے بعدسندھ ہائی کورٹ نے درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیاکہ وفاقی حکومت فیض اللہ خان کی رہائی کیلئے موثر کردار ادا کرے اور اہل خانہ کی ملاقات کے لیے مکمل انتظامات کیے جائیں۔