کراچی: وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ پر لگائے جانے والے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہر دور میں اقتدار کے مزے لوٹے ہیں اور من پسند وزارتیں حاصل کی ہیں، محکمہ صحت کا قلمدان برسوں ایم کیو ایم کے وزراء کے پاس رہا ہے ،اس لیے ہر چیز کی وہ برابر کی ذمہ دار ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں تھر پارکر کی پسماندگی اور قدرتی آفات کو سنجیدگی سے محسوس کریں،تھر پارکر پاکستان کا پسماندہ علاقہ ہے وہاں کی صورتحال جیسی حالت کسی اور حصے میں نہیں ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے بنیا د الزامات اور من گھڑت پروپیگنڈے سے وعام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا، شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں اور وہ بہتر طریقے سے صوبے کو درپیش مسائل کو حل کررہے ہیں۔