اسلام آباد : وفاقی حکومت نے نیب افسران کو سہولتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کیلئے بیرون ملک افسران کو بلیو پاسپورٹ دیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے نیب افسران کو سہولتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،تفتیش کیلئے بیرون ملک افسران کو بلیو پاسپورٹ دیئےجائیں گے، نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ جاری کرنا کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔
نیب افسران کو بیرون ملک سفرمیں سرکاری پاسپورٹ کی منظوری دی جائے گی، کابینہ کی منظوری کے بعد نیب افسران باآسانی تفتیش کا مرحلہ مکمل کرسکیں گے۔
ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ نیشنل لائبریری پاکستان اور بلغاریہ کے مابین ایم او یو کی توثیق کی جائے گی۔
کابینہ اکادمی ادبیات پاکستان، اومان ادبی ادارے کے مابین معاہدے کی توثیق کرے گی۔
خیال رہے وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کااجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس کل وزیراعظم آفس میں ہوگا، اجلاس میں وزیر اعظم کابینہ ارکان کودورہ سعودی عرب پراعتمادمیں لیں گے اور معاشی صورتحال سے متعلق اقدامات پر بات کریں گے۔
یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی دباؤمیں نہیں آؤں گاآخرتک جاؤں گا، شہبازشریف نیلسن منڈیلابننےکی کوشش کر رہے تھے، اتنے ثبوت موجودہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے۔