گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کچھ نہ کچھ ایسا ہورہا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ملائیشیا کے قونصل جنرل کے ہمراہ 7 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایئر ایشیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ملائیشیا دوطرفہ تعلقات وقت گزرنے کیساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، ایئر ایشیاءکے آپریشن سے دوطرفہ تجارت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف کومبارک باد دینا چاہتا ہوں کہ اگر ائیر ایشیا یا ملیشین حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے تو اس کی بڑی وجہ سپہ سالار عاصم منیر کا معیشت کی حفاظت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نئی نئی خوشخبریاں مل رہی ہیں، آرمی چیف کا ذکر کیوں نہ کروں، جس نے میرے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اس ملک میں ون ونڈو ایس آئی ایف سی کا نفاذ کرکے بیرونی سرمایہ کاری لے کرآئے۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری آرہی ہو اور سرحد کی حفاظت ہورہی ہو تو مجھ سمیت پوری قوم اپنے آرمی چیف سمیت پوری افواج کو سلام کرےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورے پاکستان کی معیشت کا حب ہے لیکن کچھ عناصر جو پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے وہ حالات خراب کرتے ہیں، ابھی رات ہی کا واقعہ ہے کراچی میں ڈمپرز کو جلایا گیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ نہ کچھ ایسا ہورہا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو، ہم نے دہشت گردی کا جواب پاکستان کی معیشت کو بہتر کرکے دینا ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ترقی کیلئے تمام اختلافات بھلا کر ایک ساتھ اٹھنا ہو گا، کراچی شہر لاوارث نہیں ہے میں یہاں کا گورنر ہوں، اس شہر کو لاوراث نہیں چھوڑیں گے، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سب کو کرنا چاہیے لیکن لاشوں پر سیاست نہیں ہونے دیں گے۔