اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں سب کے سامنے دھڑلے سے فہد ملک کو قتل کیا گیا،اس کے قاتلوں کو پکڑنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے قاتل نہ پکڑے گئے تو جرائم ہوتے رہیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں قتل ہوا کسی کو شک نہیں کہ قاتل کون تھا سب نے دیکھا، جرائم ختم کرنے ہیں تو حکومتی رٹ قائم کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کو ختم کرنے کے لیے وزیراعظم نواز شریف کو اقدامات کرنے ہوں گے ، جب تک مجرموں کو پکڑے جانے کا خوف نہیں ہوگا اس وقت تک جرائم ختم نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ فہد ملک کے قاتلوں کو پکڑنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے ، اس نے تھانے کے باہر قتل کیا، اسے پتا تھا کہ اسے کوئی گرفتار نہیں کرسکتا اسی لیے قاتل نے سب کے سامنے دھڑلے سے قتل کیا آخر اسے کس کی پشت پناہی حاصل ہے جو قاتل کو پکڑے جانے کا خوف ہی نہیں۔