ممبئی: بالی ووڈ کے سینئراداکار نصیرالدین شاہ نے کہاہے کہ حکمرانوں نے برین واشنگ کرکے عوام کے دلوں میں نفرت کا زہربھر دیاہے ، پاکستان ایسانہیں جیساکہ بتایاجاتاہے۔
بھارتی ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کو دیئے گئے انٹرویو میں نصیر الدین شاہ کاکہناتھاکہ پاکستانی کھلے دل سے ہمارا استقبال کرتے ہیں اور ہمارے یہاں پاکستانی فنکاروں کو کام ہی نہیں کرنے دیا جاتا۔
نصیرالدین شاہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو کام کرنے سے روکا جاتا ہے جو شرمندگی کا باعث ہے، حال ہی میں احمد آباد میں پاکستانی فنکار کے کام کو متاثر کرنے کا مذموم واقعہ پیش آیا اس کے برعکس پاکستان میں ہمارا کھلے دل سے استقبال کیا جاتا ہے، انہوں نے فن اور سیاسی اختلافات کو الگ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ایک دوسرے کی پرفارمنس کو سراہا جاتا ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات کو فنکاروں کی راہ کی رکاوٹ نہیں بنایا جانا چاہئے، بھارتی عوام برین واشنگ کی وجہ سے تاریخ جانے بغیر پاکستان کو اپنا دشمن ماننے لگتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی دوریاں اسی وقت ختم ہونگی جب ایک دوسرے سے میل جول بڑھایا جائے گا۔
اُن کاکہناتھاکہ دلیپ کمار کو پاکستان میں جو عزت حاصل ہے ، وہ اُنہیں اپنے ملک میں بھی نہیں ملتی۔