اسلام آباد: ملک بھرمیں سردی کا آغازہوچکا ہے۔ بالائی علاقوں میں سردی نے اپنا رنگ جمالیا ہے اور محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے سردی کی شدت برقراررہنے کا امکان بھی ظاہرکیا ہے۔
پاکستان کے بالائی علا قوں میں جاڑادھوم مچاتا آیا ہے اور گرم کپڑے، مونگ پھلی اورلحاف بھی ساتھ لایا ہے۔ ملک کے بیشترشہروں میں موسم کے تیور بدلے بدلے سے نظرآتے ہیں۔ کشمیر، گلگت بلتستان، مالاکنڈ اورکوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں کڑاکے کی ٹھنڈ دانت بجانے لگی ہے۔
کراچی والوں کو بھی سردی نے کچھ کچھ جھلک دکھلائی ہے۔ حب چوکی کےعلاقے میں صبح سویرے چھائی شدید دھندنے ٹریفک کی روانی متاثرکردی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت چندروزتک برقراررہنے کی پیشن گوئی کی ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترشہروں میں موسم سرداورخشک رہنے امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب مالاکنڈ اورگلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترشہروں میں موسم سرداورخشک رہا۔ آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردومیں منفی پانچ، کالام،قلات،گوپس،کوئٹہ میں منفی دو جبکہ چترال اوراستورمیں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔