لاہور: تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات نامکمل ہونے کے باعث اسکولوں کی تعطیلات میں ایک ہفتہ اضافے کا امکان ہے جبکہ بنوں کے مختلف علاقوں میں حکومتی اعلان کے باوجود نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
حکومتِ پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود صوبے کے اسی فیصد سے زائد اسکولوں میں گرانٹ منتقل نہ ہونے کے باعث سیکیورٹی انتظامات مکمل نہیں ہوسکے، سیکیورٹی اقدامات میں دیواریں اونچی کرنا، کیمروں کی تنصیب، خاردار تاریں اور گیٹ کے باہر رکاوٹیں لگانی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں چند اسکولوں کے سوا زیادہ تر پرائیویٹ اسکولوں نے بھی انتظامات مکمل نہیں کیے، لاہور کے اسکولوں میں اٹھارہ جنوری تک تعطیلات میں توسیع کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بنوں کے مختلف علاقوں میں حکومت کی جانب سے اعلان کے باوجود نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
اے ڈی او پرائیوٹ اسکولز کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایت کے مطابق گیارہ جنوری تک نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بند رہیں گی، خلاف ورزی کر نیوالوں کی رجسٹریشن منسوخ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
دس جنوری کواسکول کھولنے یا چھٹیوں کی تو سیع سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس میں اعلان کیا جائیگا، ذرائع کے مطابق اکتیس جنوری تک چھٹیوں میں توسیع کا امکان ہے۔