آک لینڈ: ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ مڈِ مقابل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری تھی کہ 38 اووروں کے اختتام پر بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔
اب تک جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنالئے ہیں اور اس وقت فاف ڈو پلیسی 82 اور کپتان اے بی ڈیویلیئرز انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 60 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
فاف ڈو پلیسی اور کپتان اے بی ڈیویلیئرز کے درمیان 71 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم ہوچکی ہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، آملا دس رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جس میں دو چوکے شامل تھے۔
ہاشم آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈی کوک بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور وہ بھی بولٹ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈوپلیسی اور رائلی روسو نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور ٹیم کا اسکور 114 تک پہنچا دیا مگر روسو کوری اینڈرسن کی گیند پر مارٹن گپٹل کے ہاتھوں پوائنٹ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے کئی کیچ اور رن آؤٹ کے موقعے ضائع کیے ہیں۔