اسلام آباد: قائدِ حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول بحران گورننس کی ناکامی ہے، ہمارے دور میں پیٹرول مہنگا اور بجلی سستی تھی، آج پیٹرول سستا اور بجلی مہنگی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائدِ حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، پٹرولیم بحران کو گورننس کی ناکامی قرار دیتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزارتِ خزانہ نے ٹیکس ریلیز نہ کیا جس سے بحران بڑھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ چار بیوروکریٹس کو نکال کر حکومت بحران کی ذمہ داری سے لاتعلق نہیں ہو سکتی، قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت ایک سو بیس ڈالر فی بیرل اور بجلی کی قیمت سات روپے نوے پیسے فی یونٹ تھی۔
انھوں نے کہا کہ آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمت پیتالیس ڈالر فی بیرل تک گرنے کے باوجود بجلی کی قیمت تیرہ روپے فی یونٹ تک پہنچ چکی ہے۔