اتوار, مئی 18, 2025
اشتہار

پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے جے یوآئی فے سے حمایت مانگ لی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے جے یو آئی فے سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کی اپیل کردی ہے، چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے ووٹ فیصلہ کن ہوں گے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ معرکہ میں ق لیگ اور جے یوآئی ف کے ووٹ انتہائی اہمیت اختیار کرگئے ہیں، چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے ووٹ فیصلہ کن ہوں گے لیکن باتوں ہی باتوں میں انہوں نے یہ بھی بتا دیا کہ وہ حکمراں جماعت کے ساتھ کیسا برتاؤ کریں گے۔

 پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں اور ملاقاتیں کیں۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے خورشید شاہ کی قیادت میں مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، وفد میں میاں رضا ربانی اور ڈاکٹر قیوم سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پیپلز پارٹی کے وفد نے آصف زرداری کا خصوصی پیغام مولانا فضل الرحمن کو پہنچایا اور  درخواست کی کہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں وہ پیپلز پارٹی کی حمایت کریں۔

مسلم لیگ نواز نے بھی سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں جے یو آئی سے تعاون کی درخواست کی ہے، ن لیگ کے پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق نے جے یوآئی ف کے عبد الغفور حیدری اور اکرم درانی سے ملاقات کی اور سینیٹ میں تعاون کی اپیل کی۔

آصف زرداری نے بھی سراج الحق سے رابطہ کیا اور مفاہمی عمل جاری رکھنے پراتفاق کیا، سراج الحق نے خواجہ سعد رفیق اور مولانا سمیع الحق سے فون پر بات کی اور سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا۔

فاٹا کے چھ اراکین قومی اسمبلی نے بھی ساجد توری کی قیادت میں مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور انہوں نے صدارتی آرڈیننس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ فاٹا سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان اپنا کردار ادا کریں۔

اہم ترین

مزید خبریں