لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔
پی سی بی کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ، چار ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز سے قبل پاکستان اے اور انگلینڈ کے درمیان دو دو روزہ میچز ہوں گے۔
پہلا ٹیسٹ میچ تیرہ اکتوبر سے ابوظہبی میں، دوسرا ٹیسٹ بائیس اکتوبر سے دبئی میں اور تیسرا ٹیسٹ میچ یکم نومبر سے شارجہ میں ہوگا۔
پہلے دو ون ڈے میچ گیارہ اور تیرہ نومبر کو ابوظہبی میں، تیسرا میچ سترہ نومبر کو شارجہ میں اور چوتھا ون ڈے میچ بیس نومبر کو دبئی میں ہو گا۔ پہلے دو ٹی ٹوینٹی میچز چھبیس اور ستائیس نومبر کو دبئی میں اور تیسرا ٹی ٹوینٹی میچ تیس نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔