کولمبو : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان چوتھا ون ڈے کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے، کولمبو میں کھیلے جارہے ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کیخلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔
کولمبو کے آر پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس وقت دنیش چندیمل اور لوہارو تھریمانے وکٹ پر موجود ہیں، اب تک سری لنکا نے 34 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنالیے ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان اور پریرا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اوور کی دوسری گیند پر سری لنکا کو نقصان اٹھانا پڑا، جب محمد عرفان نے کوشل پریرا کو عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ پریرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے۔
تاہم اس کے بعد دلشان اور تھریمانے نے مزید کسی نقصان کے ٹیم کا سکور 109 رنز تک پہنچا دیا، دونوں بلے بازوں نے اس دوران نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
جس کے بعد 22ویں اوور میں عماد وسیم نے دلشان کو بولڈ کیا جبکہ سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کپتان اینجلو میتھیوز تھے۔ جو 12 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کے مطابق وہ آج کا میچ جیتنا چاہتے ہیں، پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے اور انکی ٹیم بڑا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریگی، سری لنکن سائیڈ میں دو تبدیلیاں کی گئیں اور اپل تھرنگا اور تھیسارا پریرا کی جگہ پرینجن اورسرنگا لکمل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ انکی ٹیم آج کا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنیکی کوشش کریگی، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔