چہلم امام حسین کے موقع پر آج کراچی سمیت بائیس شہروں میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے، جبکہ سندھ سمیت ملک بھر کے کئی شہروں میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمونیکیشن اتھارٹی نے چہلم کے موقع پر کئی شہروں میں موبائل فون سروس بند کر دی ہے، آج صبح سات بجے سے ہی کئی شہروں میں موبائل فونز خاموش ہونا شروع ہوگئے اور نو بجے تک بیس سے زائد شہروں میں موبائل فون سروس بند ہوگئی۔
سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے رات دس بجے تک موبائل فونز خاموش رہیں گے، صوبائی حکومتوں نے چہلم کے دن خصوصی طور پر موبائل فون سروس بند کرنے کی وزارت داخلہ سے درخواست کی تھی، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی اے نے فیصلہ کیا۔
چہلم پرسندھ سمیت ملک کے کئی شہروں میں چوبیس گھنٹوں کیلئے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد کردی گئی، دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر پاک افغان سرحد کو بھی چوبیس گھنٹوں کیلئے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ قبائلی علاقوں سے آنے والوں راستوں پر بھی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔