جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

لاہور ہائیکورٹ: چیئرمین پی سی بی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست نمٹادی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی سی بی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دائر درخواست واپس لیے جانے کی بنا پر نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ اگرکھلاڑیوں نے کارکردگی نہیں دکھائی تو انتظامیہ کیا کر سکتی ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سیلیکشن میرٹ پر نہیں کی گئی اور محمد حفیظ جیسے کئی سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کر کے سفارشی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے بھجوایا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق چیئر مین پی سی بی کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پر کی گئی جب کہ وہ اس عہدے کے لیے اہل نہیں تھے، نجم سیٹھی نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کروایا تھا کہ وہ پی سی بی کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے تاہم وہ مکمل طور پر پی سی بی کے تمام فیصلے کر رہے ہیں اور انہی کی سفارش پر ٹیم سیلیکٹ کی گئی، جس نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

- Advertisement -

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئر مین پی سی بی کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے اور چیف سیلیکٹر کو کام سے روکا جائے جبکہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کے معاملات میں مداخلت سے روکا جائے۔

پی سی بی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ درخواست سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے دائر کی گئی ، درخواست گزار کو کھلاڑیوں کے متعلق شکایت تھی تو انہیں پی سی بی سے رجوع کرنا چاہیے تھا، درخواست مسترد کی جائے ۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی، جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے معاملہ نمٹا دیا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں