اسلام آباد: سزائے موت پر عملدرآمد کے فیصلے کے بعد ملک بھر کی جیلوں میں قائم پھانسی گھاٹوں کی مرمت تکمیل کے مراحل میں کل صبح سے پھانسی کی سزا پرعمل درآمد ہونے کا امکان ہے۔
سزا یافتہ دہشت گردوں کو پھانسی دینے کیلئے ملک بھر کی جیلوں میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد نے آئی جی جیل خانہ پنجاب اور سیکریٹری داخلہ کو خط تحریر کیا ہے، جس میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دہشت گردوں کو سینٹرل جیل ہی میں تختہ دار پر لٹکانے کی اجازت طلب کی گئی ہے۔
سکھر کی سینٹرل جیل ون میں قید کالعدم تنظیموں کے سات مجرموں کو پھانسی دینے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جیل انتظامیہ نے کالعدم لشکر جھنگوی کے دو دہشت گردوں اعظم اور ہارون کے بلیک وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کردی ہے۔
جیل انتظامیہ کے مطابق آج بلیک وارنٹ ملنے کی امید ہے، جس کے بعد مجرموں کو کل صبح سویرے تختہ دار پر لٹکایا جائے گا، دیگر پانچ دہشت گردوں کو آئندہ چند روز میں پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بھی پھانسی گھاٹ کی مرمت مکمل کرلی گئی ہے، جہاں سزائے موت کے سو سے زائد قیدی سزائے موت کے منتظرہیں۔