پشاور: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پشاورہیڈ کوارٹر کادورہ کیا اور قبائلی علاقہ جات میں جاری آپریشن کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج سہہ پہر پشاورہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں انہیں آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں آرمی چیف کو قبائلی علاقوں میں اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیااورساتھ ہی ساتھ آپریشن کے سبب بے گھر ہونے والے قبائلیوں کی دیکھ بھال سے متعلق امور کے بارے میں بھی آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر آپریشن کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اسے جلد از جلد حتمی مراحل تک پہنچانے کی ہدایت کی جبکہ آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے ہرممکن اقدام کرنے کا کہا۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب کمانڈر عدنان الشکری کو ایک حملے میں ہلاک کیا ہے۔