کراچی دہشت گردوں کی زد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جان سے گئے، دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی کاروائیوں میں متعدد ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
کراچی میں دہشت گردی بدستور زوروں پر ہے، پولیس کے مطابق تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود ریڑھی روڈ سے تین افراد کی لاشیں ملیں، جنھیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، مقتولین کی شناخت عطااللہ، حمید عرف موٹا اور عدیل خٹک کے ناموں سے ہوئی۔ عدیل خٹک کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے تھا، ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق واقعہ جرائم پیشہ دو گروپوں میں دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب پیرآباد کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مشترکہ کاروائی کی، اس دوران ملزمان نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد مارے گئے، ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا، جن کی شناخت صدیق اور اعظم محسود کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے دستی بم، دیگر اسلحہ اور جعلی شناختی کارڈز برآمد ہوئے، پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائی میں سیاسی جماعت کے دوکارکن گرفتار کرلئے گئے۔