کراچی: مبینہ مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے چار کارندے ہلاک ہوگئے، نیوکراچی سے گرفتار اغواء کار دوران علاج دم توڑ گیا ہے، عزیز آباد سے بھتہ خور گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے لیاری جم شاہ پلاٹ میں مبینہ مقابلے میں لیاری گینگ وار کے چار کارندے ہلاک ہوگئے ہیں، زرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس اور رینجرز نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، مبینہ مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے چار گینگسٹر ہلاک ہوگئے ہیں۔
جن کی شناخت محمد شہر یار، ثنااللہ، لیاقت اور امیر حسن کے نام سے ہوئی، چاروں ملزمان قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، ہلاک ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری طرف نیوکراچی میں رینجرز چھاپہ مار کر ایک اغواء کار عامر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا لیکن گرفتار اغواء کار دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ترجمان رینجزر کے مطابق ملزم عامر نے چار ماہ قبل مغوی کو قتل کر دیا تھا ، قتل کے بعد بھی ملزم اہلخانہ سے تین لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر تا رہا تھا۔
کراچی کے علاقےعزیزآباد میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایک بھتہ خورکو گرفتار کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم شاکر ڈاکٹرز اور پروفیسرز سے بھتہ وصول کرتا تھا۔