برصغیر کے مسلمانوں کے میرکارواں بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
بابائے قوم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
بابائے قوم کے یوم ولادت کی تقریبات کا آغاز صبح کراچی میں مزار پر گارڈز کی تبدیلی سے ہوا، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
اس سے قبل مزار قائد پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، پاک فوج کے جوانوں نے فوجی بینڈ کی مختلف دھنوں پر پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا۔
کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی میجر جنرل ندیم بٹ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اس کے بعد مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔