کراچی میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں، شہر کے مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم سمیت بیس سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی میں قیام امن کے لئے پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے وائر لیس گیٹ کے قریب کاروائی کرکے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان رینجرز پر فائرنگ میں ملوث تھے، نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے پولیس نے کاروائی کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، پیر آباد کے علاقے میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیاں کرتے ہوئے چودہ ملزمان کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے مختلف نوعیت کے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔