کراچی: مخلتف علاقوں میں پولیس کے چھاپے اور گرفتاریاں جاری ہے، بلدیہ میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ سائٹ میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا، پیرآباد میں پولیس نے باپ کے قتل میں ملوث تیرہ سالہ بیٹا گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے بلدیہ میں یوسف گوٹھ میں پولیس کی کارروائی میں ملزم امیر عبداللہ مارا گیا ، ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، پولیس کے مطابق ملزم سفارتخانے اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں مطلوب تھا۔
سائٹ کےعلاقے میں پولیس مقابلے میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے، سائٹ ہی کے علاقے پٹھان کالونی میں پولیس نےجرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرسرچ آپریشن کیا، سرچ آپریشن کے بعد کالعدم تنظیم کے ایک کارکن کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ متعدد افراد کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران جرائم پیشہ افراد کے دو گروپوں میں تصادم کے دوران چھ افراد جاں بحق ہوئے، ادھر پیر آباد کے علاقے سے پولیس نے باپ کو قتل کرنے والے تیرہ سالہ بیٹے کو گرفتارکرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیرہ سالہ حسن نے زبردستی مدرسے بھیجنے پر پستول سے فائرنگ کرکے اپنے باپ سردار خان کو قتل کردیا جبکہ سعید آباد اور کھجی گراؤنڈ میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ رام سوامی کےقریب فائرنگ سےایک شخص جاں بحق ہوگیا، کلفٹن کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔