کراچی :رینجرز ترجمان کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار میں کاروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سولہ کارکنان کو گرفتار کیا جو زبردستی علاقے میں فطرانہ جمع کررہے تھے ، گرفتار افراد کے قبضے سے ایک ہزار کے قریب فطرانے کی پرچیاں اور اکتیس ہزار پانچ سو روپے کی رقم برآمد ہوئی۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ، تفتیش کے بعد بے گناہ رہا کردیا جائے گا ، ترجمان نے کہا کہ فطرے کے نام پر زبردستی رقم لینے والوں کے حق میں پریشن کانفرنس کرنا در اصل ایسے عناصر کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ رینجرز کسی بھی جماعت یا مذہبی تنظیم کوزبردستی فطرانے کے نام پر رقم جمع نہیں کرنے کی اجازت نہیں دے گی، عوام ایسے عناصر کی نشاندہی رینجرز کے ہیلپ لائن پر کریں۔
دوسری جانب بلدیہ سعید آباد میں خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرکے دو بسوں کو تحویل میں لیکر بس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا، بارودی مواد اور ایرانی ڈیزل قبضے میں لے لیا، کارروائی کے دوران چار دہشتگردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس پی بلدیہ اعجاز ہاشمی کے مطابق بارودی مواد اور ایرانی ڈیزل بس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا، جو شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔