کراچی: سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی دوبارہ تحقیقات کے لیے نئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے، آفتاب پٹھان کمیٹی کے سربراہ مقرر کر دئیے گئے۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ہو نیوالے فیکٹری کے سانحہ کی ازسر نو تحقیقات کیلئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ آفتاب پٹھان کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈی آئی جی ایسٹ کراچی منیر شیخ ، محکمہ داخلہ کے کرنل سجاد اور ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائر یکٹر الطاف حسین کو شامل کیا گیا ہے۔
خفیہ تحقیقاتی اداروں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بھی اپنے ادارے کےایک ایک رکن کا نام دیں جنہیں تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا جاسکے۔
سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں دو سو انسٹھ محنت کش جاں بحق ہو ئے تھے، رینجرز کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرانے کے بعد سے یہ معاملہ ایک مرتبہ پھر خبروں کی زد میں ہے۔