کراچی : شہرِ قائد کے علاقے قیوم آباد میں سی آئی ڈی پولیس نے مقابلے کے بعد القاعدہ سے منسلک چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ لیاری میں بھی پولیس مقابلے میں دو گینگ وار ملزمان مارے گئے۔
انچارج سی آئی ڈی سیل راجہ عمر خطاب کے مطابق خفیہ اطلاع پر سی آئی ڈی پولیس نے قیوم آباد کے قریب چھاپہ مار کارروائی کی ،دو طرفہ فائرنگ میں خودکش حملہ آور سمیت چار دہشتگرد مارے گئے۔
جن کی شناخت سجادعرف کارگل، محمد ہاشم، یاسین عرف یاسر عرفات اور شمیم عرف کمانڈو کے ناموں سے کی گئی ہے، ملزم سجاد القاعدہ کا کمانڈر تھا ۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ اور بغدادی میں پولیس مقابلوں میں دوملزمان مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، ہلاک ملزمان دس سے زائد افراد کے قتل میں ملوث تھے۔
ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا، ملزمان کی شناخت عابد عرف ابا اور رمضان عرف کچھی کے ناموں سے ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سہراب گوٹھ میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں القاعدہ کے اہم رہنماء سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔