کراچی : شہر قائد میں جان لیوا گرمی نے 86 افراد کو موت کی نیند سلادیا ،جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کردی، اطلاعات کے مطابق آئندہ منگل اور بدھ کے روز بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے باشندے گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کو برداشت کررہے ہیں، اور رات نو بجے تک بھی درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم نہیں تھا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف اسپتالوں میں چھیاسی سے زائد افراد کی نعشیں لائی جا چکی ہیں جو اس جان لیوا گرمی کو برداشت کرتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔ کراچی کے جناح اسپتال میں 55 اور عباسی شہید اسپتال میہں 20 جبکہ لیاری جنرل اسپتال میں 9 اور دیگر اسپتالوں میں دو افراد کی نعشوں کو لایا گیا۔
اس شدید گرمی نے شہریوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے، جبکہ آج سال کا سب سے بڑا دن تھا اور کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اور گزشتہ روز درجہ حرارت 46 ڈگری تھا ۔
جس کے باعث کراچی کے شہری اپنے گھروں میں محصور ہوگئے تھے اور دن بھر سڑکوں پر سناٹا چھایا رہا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ منگل اور بدھ کے روز بارش کی بارش کی پیش گوئی کی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کی ساحلی پٹی پر غیر معمولی گرمی بڑہے گی۔
ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث حبس زیادہ رہے گا، اور کل بھی کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری رہنے کا امکان ہے ۔
کراچی کے علاوہ اندرون سندھ بھی سورج اپنی آب وتاب سے چمکتا رہا، اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں گرمی پارہ سر چڑھ کر بولا اور درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔