کراچی:فرانسیسی میگزین میں چھپنے والے توہین آمیزخاکوں کی اشاعت پراحتجاج کرتی دو مذہبی تنظیمیں کراچی پریس کلب کے سامنے آپس میں لڑپڑیں۔
تفصیلات کے مطابق لڑائی ایک مذہبی سیاسی جماعت اورایک مذہبی طلبہ تنظیم کے کارکنوں کے درمیان لڑائی ہوئی جس کے نتیجے میں دو کارکن زخمی ہوئے، زخمی کارکنوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پرپولیس اہلکار بھی موجود تھے لیکن صورتحال پرقابو پانے کے لئے ان کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
جھگڑے کی وجہ آپس میں تلخ جملوں کا تبادلہ بتائی جارہی ہے۔
اس موقع پردونوں جماعتوں کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی اورصورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے پریس کلب کے سینئر اراکین اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کرایا۔
بعد ازاں ایک جماعت اپنے کارکنوں کے ہمراہ موقع سے روانہ ہوگئی جس سے جائے وقوعہ پرپھیلا اشتعال ختم ہوگیا۔
واضح رہے کہ فرانسیسی میگزین’چارلی ہیبڈو‘میں توہین آمیزخاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک بھرمیں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔