کراچی: گلشن اقبال میں ڈکیتی کے لئے آنے والے ڈاکوؤں میں سے ایک کی شہریوں نے درگت بنادی۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کی نیت سے آنے والا ڈکیٹ شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، گلشن اقبال بلاک گیارہ میں دو ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے دکان میں داخل ہوئے اور دکان کے مالک کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنالیا، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر دکاندار کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا۔
فائرنگ کی آوازسننی تھی کہ دکان کے باہر شہری جمع ہوگئے، دوڈاکوؤں میں سے ایک فرار ہوگیا جبکہ ایک کو شہریوں نے پکڑ کر وہ پٹائی لگائی کہ ڈاکو لہولہان ہوگیا۔
درگت بنانے کے بعد شہریوں نے ڈاکو کو پولیس کے حوالے کردیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کا یہ گروپ اس علاقے میں پہلے بھی وارداتیں کرکے فرار ہوجاتے تھے، گرفتار کئے گئے ڈاکو کی تحویل سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔