کراچی: سی ٹی ڈی پولیس نے پانچ پولیس اہلکاروں سمیت تیرہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا ہے۔
سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلر کاشف شاہ عرف بخاری نے پانچ پولیس اہلکاروں اور ایس آئی علیم شاہ کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے ، ملزم نے اورنگی ٹاؤن یوسی سات کے ناظم وقار احمد کو بھی قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے پچاس سے زائد ڈکیتیوں کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں مقابلے کے بعد پولیس نے کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔
منگھوپیر کے علاقے خیر محمد گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کی تو ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کردی گئی، پولیس کی جوابی کارروائی میں تین ملزمان مارے گئے۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان سے تھا، مقابلے کے دوران ایک اے ایس آئی عمران زخمی ہوا۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، جو پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔