کراچی: کلفٹن کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان ہلاک کر دیا گیا، لواحقین کی جانب سے احتجاج پر فرئیر تھانے کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔
کراچی پولیس کا ایک اور کارنامہ، مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان ماردیا گیا۔ ہلاک ہو نے والے نوجوان کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے کاشف کو ایک ہفتہ قبل کینٹ اسٹیشن سے حراست میں لیا تھا۔ کاشف کے چاچا کا کہنا ہے کہ انھیں کاشف کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کی اطلاع ان کے ایک دوست نے دی ہے۔
ہلاک ہو نے والے نوجوان کے چچا کا کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر لواحقین فرئیر پولیس تھانے پر پہنچے اور احتجاج کرنا چاہا تو پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہو ائی فائرنگ کی گئی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پولیس پر فائرنگ کی تھی اور جوابی فائرنگ سے مارا گیا۔