بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کوارٹر فائنل میں شکست، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیرختم ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا سے ورلڈ کپ کوارٹرفائنل ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا۔

ٹک ٹک سے سب کے دلوں میں اتر جانے والے پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا ون ڈے میں نام کے ساتھ سابق لگ گیا، دوہزار دو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کیرئیر کا آغاز کیا، دو ہزار سات کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے ٹک ٹک مصباح نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا۔

ٹھنڈے مزاج والے مصباح الحق کو اس وقت کپتان بنایا گیا جب پاکستانی ٹیم میچ فکسنگ کے منجدھار میں پھنس چکی تھی، تحمل اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان نے جب بھی مارا خوب مارا اور ٹیم کے لئے کئی موقعوں پر مرد بحران ثابت ہوئے۔

مصباح نے ایک سو باسٹھ ون ڈے کھیلے اور کئی میچوں میں میچ ونر ثابت ہوئے مگر کامیاب ترین کپتان اپنے ون ڈے کیرئر میں ایک سنچری بنائے بغیر رخصت ہوگئے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی کا ون ڈے کیرئیر بھی ختم ہوگیا۔

انیس سو چھیانوے میں نیروبی میں طلوع ہونے والا سورج ایڈیلیڈ کے میدان میں غروب ہوگیا، اپنے دوسرے ہی ون ڈے میں تیز ترین سینچری بناکر آفریدی دنیائے کرکٹ پر چھاگئے تھے، آفریدی آگے بڑھتے رہے اور ون ڈے میں ریکارڈز بنتے رہے، کئی نشیب وفراز بھی آئے لیکن اسٹار کھلاڑی نے ہمت نہیں ہاری۔

اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آفریدی کو بوم بوم کا لقب ملا، وہ وکٹ پر جب تک کھڑے رہتے بولرز کی جان پر بنی رہتی، ان کی بلے بازی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی بوم بوم کو ہی حاصل ہے، آفریدی آٹھ ہزار رنز اور ساڑھے تین سو سے زائد وکٹیں لینے والے بھی واحد آل راؤنڈر ہیں۔

آفریدی اب صرف ٹی ٹوئنٹی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے ، آسٹریلیا سے کوارٹرفائنل میں شکست کے ساتھ آفریدی کا ون ڈے کیرئیر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں