پاکستان کے مایہ نازاسٹارکرکٹرشاہد آفریدی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنے ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیرکا اختتام ورلڈ کپ میں شاندارفتح حاصل کرکے کرنا چاہتے ہیں۔
شاہد خان آفریدی 35 سال کے ہیں اوریہ ان کا پانچواں ورلڈ کپ ہے اوروہ چاہتے ہیں کہان کے اس طویل کیرئیر کا اختتام یادگارہو۔
انہوں نے فرانسیسی خبررساں ادارے سے جمعے کے روزآسٹریلیا کے خلاف ہونے والے کوارٹرفائنل میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’میں وہ کرنا چاہتاہوں جس کی ٹیم مجھ سے توقع کرتی ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’’میں اپنے مداحوں کی توقعات پرپورا اترنا چاہتا ہوں اورمجھے امید ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کو فتح دلائے گی، مجھے یقین ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف اپنی تمام توانائیاں استعمال کرے گا‘‘۔
انہوںنے اس امرکو تسلیم کیا کہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں پیشن گوئی کرنا ناممکن ہے اورہم اپنی اسی صلاحیت کو آسٹریلیا کے خلاف خفیہ ہتھیار کے طورپراستعمال کریں گے۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے اور کسی بھی ٹیم سے ہاربھی سکتی ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ جب ہمارا دن ہوتا ہے تو اس دن ہم اپنا سب سے بہترین کھیل پیش کرتے ہیں‘‘۔
شاہد خان کو اپنی 400 وکٹیں مکمل کرنے کے لئے 5 وکٹیں درکارہیں، اگروہ یہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ واحد کھلاڑی ہوں گے جن کے ون ڈے میں 8000 رنز اور چار سو وکٹیں ہیںجو کہ اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد ریکارڈ ہے۔