کراچی : اے آروائی نیوز کی خبر پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے شاپنگ سینٹر کے اطراف پارکنگ فیس کے نام پر سرگرم مافیا کے خلاف کاروائی کی ہدایات جاری کردیں، رینجرز نے غیر قانونی پارکنگ فیس کی وصولی میں ملوث چالیس افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
تین روز قبل اے آروائی نیوز نے غیر قانونی پارکنگ مافیا کی نشاندہی کی تھی کہ کس طرح پارکنگ مافیا شہر کی مختلف مارکیٹوں سے پارکنگ فیس کے نام پر بھتے کی صورت میں فی موٹر سائیکل بیس روپے اور گاڑی کے پچاس روپے وصول کر رہی ہے جبکہ کے ایم سی کی جانب سے موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس پانچ روپے اور گاڑی کی فیس بیس روپے مقرر ہے۔
اے آروائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کمشنر کراچی اور رینجرز اور پولیس حکام کو پارکنگ مافیا کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔
دوسری جانب رینجرز نے رات گئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کے اطراف غیر قانونی پارکنگ میں ملوث چالیس افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز ترجمان کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد پارکنگ کے نام پر شہریوں سے پیسے وصول کر رہے تھے۔