حیدرآباد: سیلاب کی بے رحم موجیں سندھ کی جانب بڑھنےلگیں، گھوٹکی، سکھر،حیدرآباد، بدین،لاڑکانہ اوردادو میں فلڈوارننگ جاری کردی گئی۔
سندھ میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وارننگ جاری کردی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال سے کراچی ، سکھر ، حیدر آباد اور لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں کے مثاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
کمنشر سکھر کے مطابق سکھر ریجن میں دریائے کو سندھ تین مقامات سے حساس قرار دیا گیا ہے سیلابی صورتحال کے باعث چھ لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، چوبیس اور پچیس جولائی کو بڑا سیلابی ریلا دریائے سندھ کمشور ، روہڑی اور حیدرآبا سے ہوتا ہوا گزرے گا۔
جس کے پیش نظر آئندہ دور وز میں کچےکے علاقے سے آبادیوں کو منتقل کرنا شروع کردیا جائے گا، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر ضلع میں پچاس پچاس ریلیف سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔
دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث گھوٹکی کے دیہاتوں میں سیلاب داخل ہوگیا ہے، جس میں سہنوجوگی، اسماعیل چاچڑ، جاڑو شیخ، دوست محمد چاچڑ اور دیگر گاؤں شامل ہیں، انتظامیہ کی جانب سے تاحال ریلیف کا کام نہیں کیا جاسکا، جس کے باعث متاثرہ دیہاتیوں نے اپنی مدد کے تحت مویشی کچے سے پکے کی جانب منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔
دریا میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث پانی نے روہڑی شہر کی حفاظتی دیواروں کو کاٹنا شروع کردیا ہے، جس سے شہری علاقوں میں شدید خطرات کا خدشہ ہے۔