لندن: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہمیں پیار و محبت سے الیکشن میں حصہ لینا چاہئے، ہمیں الیکشن کو الیکشن کی طرح لڑیں اور اپنے جذبات کو ٹھنڈا رکھیں۔
ایک ہنگامی بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ہم ایک وطن سے تعلق رکھتے ہیں لہٰذا الیکشن کو الیکشن رہنے دیں اسے دو ملکوں کی جنگ نہ بنائیں ۔
الطاف حسین نے کہا کہ میں عمران خان کو جناح گراؤنڈ آمد کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، جہاں ہمارے کارکنان آپ کے استقبال کیلئے موجود ہونگے اور کسی بھی قسم کی نعرہ بازی، بیہودگی، بدتمیزی یا بد تہذیبی نہیں ہوگی، جناح گراؤنڈ بھی آ پ کا اپنا گراؤنڈ ہے اور آپ بھی جلسہ کریں ۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن کو الیکشن رہنے دیں اور اسے لڑائی جھگڑے کے ساتھ نہیں بلکہ پیار ومحبت کے ساتھ لڑیں اور امن برقرار رکھیں ،23اپریل کا ضمنی انتخاب اللہ تعالیٰ خیر یت سے گزار دے، اس کے بعد ایک دوسرے کو مل کر مبارکباد دیں، ہم سب پاکستانی ہیں یہ ہماری جیت یا آپ کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کی جیت ہوگی ہم سب کی جیت ہوگی ۔
الطاف حسین نے کہا کہ اتحاد جمہوری عمل کا حصہ ہے اور پوری دنیا میں اس پر عمل ہوتا ہے ،اسکی حالیہ مثال برطانیہ کی ہے، جہاں ڈیموکریٹک اور لبرل ڈیمو کریٹک کے اتحاد سے حکومت بنی۔ الطاف حسین نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا اتحاد ہوجاتا ہے تو یہ مبارکباد کی بات ہے کیونکہ تمام پاکستانیوں کو یہ سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ دونوں جماعتیں نظریاتی طور پر کتنے قریب ہے۔