دیو داس، آندھی اور بمبئی کا بابو جسی ہٹ فلموں کی ہیروئن سچترا سین بیاسی سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
بنگالی اور ہندی فلموں کی مشہور اداکارہ سچترا سین بیاسی سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، وہ بالی ووڈ کی گریٹا گاربو بھی کہلاتی تھیں، سچترا سین گزشتہ کچھ دنوں سے کافی بیمار تھیں، وہ بالی وڈ اداکارہ مون مون سین کی والدہ ہیں۔
سچترا سین نے انیس سو باون میں بنگالی فلم سے اپنا کریئر شروع کیا اور کئی مشہور فلمیں کیں، انہوں نے ہندی فلموں میں بھی کام کیا لیکن ان کی اصل شناخت بنگالی فلموں سے ہی بنی۔
بمل رائے کی مشہور فلم ’دیوداس‘ میں انہوں نے پارو کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں دلیپ کمار، موتی لال اور وجنتی مالا بھی تھیں، اس کے علاوہ انہوں نے بمبئی کا بابو میں سدا بہار اداکار دیو آنند کے ساتھ کام کیا۔
سچترا سین کو انیس سو پچھتر میں ریلیز ہوئی فلم ’آندھی‘ سے سب سے زیادہ جانا جاتا ہے، یہ فلم میں سچترا کا کردار اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی سے ملتا جلتا تھا، گلزار کی ہدایت میں بنی اس فلم کے گانے بہت مشہور ہوئے تھے۔
انیس سو اٹہتر میں ریلیز ہوئی بنگالی فلم ’پرني پاشا‘ کے بعد وہ عوامی زندگی سے دور ہو گئی تھیں، سال دو ہزار پانچ میں انہوں نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ لینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔