وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان کا کہنا ہے کہ یوٹیوب پر اسلام مخالف مواد کا مستقل حل چاہتے ہیں، نمائندہ گوگل مائیک اورگل کاکہنا ہے متنازعہ مواد روکنے کے لئے یوٹیوب کا لوکل ڈومین کا ہونا ضروری ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں گوگل کے نمائندے مائیک اورگل نے بریفنگ دیتے ہوئے اسلام مخالف فلمز پر وارننگ ٹیپ ظاہر کرنے کی یقین دہانی کرادی ، مائیک اورگل کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے اسلام مخالف مواد کے یو آر ایل کی نشاندہی کرے، کسی بھی لنک کو بلاک کرنے کے لیے پاکستان میں یوٹیوب کی لوکل ڈومین کا ہونا ضروری ہے ۔
سیکرٹری آئی ٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ لوکل ڈومین کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے بل رواں ماہ کے آخر میں پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا ، اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا فلٹرز کے ذریعے ایچ ٹی ٹی پی ایس ڈومین پر ظاہر ہونے والی فلمز کو بلاک نہیں کیا جا سکتا ، اسلام مخالف مواد روکنے کے لئے مستقل حل چاہتے ہیں۔