کراچی : لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی پے درپے وارداتوں کے بعد شہر قائد کے باسیوں کا صبر جواب دے گیا، ایک مشتعل شہری نے فائرنگ کرکے دو ڈاکوؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر تین میں ایک شہری کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق لوٹ مار میں مصروف ڈاکوؤں پر ایک شہری نے فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
مذکورہ ڈاکوؤں کی شناخت شاہد اور سعود کے ناموں سے ہوئی ہے، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کیخلاف مختلف تھانوں میں پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت تلاش ایپ کے ذریعے عمل میں آئی، ہلاک ہونے والے ڈاکو مختلف وارداتوں میں 4شہریوں سے موبائل فون اور ایک خاتون سے پرس چھین کر فرار ہورہے تھے۔
ڈاکوؤں کی ہلاکت کے بعد ان کے قبضے سے چھینے گئے4موبائل فون اور پرس بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ہلاک ڈاکوؤں سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔