کراچی : نارتھ ناظم آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد سنگین وارداتوں کے بعد دو مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے دوران تفتیش مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار ملزمان سے دستی بم، پستول و دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے، ایک ملزم منگھوپیر پولیس مقابلے کے دوران فرار ہوا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم محمد خان مارا گیا تھا، گرفتار ملزمان صدام حسین اور محمودخان کیخلاف دہشت گردی اور پولیس مقابلے کے مقدمات درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں، ان کیخلاف مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی۔