کراچی : بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے، جو کراچی سے تقریبا 1058 کلومیٹر دورجنوب مشرق میں موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ سسٹم کراچی سے تقریبا 1058 کلومیٹر دور جنوب مشرق میں موجود ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباو کا یہ نظام مشرق کی جانب حرکت کرے گا، سسٹم کےآج بھارتی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، کراچی میں سائیکلون وارننگ سینٹر موسمی نظام کی نگرانی کر رہا ہے۔
ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ یہ نظام ہندوستان کے مغربی ساحل کے قریب منڈلا رہا ہے اور حالات سازگار رہنے کی صورت میں 24 یا 25 مئی تک مضبوط ڈپریشن یا یہاں تک کہ ایک طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیر اثر کل سے شہر قائد کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے، سمندری ہوائیں مکمل بند ہونے سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔
پاکستان فشر فوک فورم نے ماہی گیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں سے اس ممکنہ سسٹم کے پیش نظر، تیز لہروں کی وجہ سے حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اگلے چند دنوں تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔