لاہور: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کے پی نے سندھ کو با آسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے 25ویں میچ میں خیبر پختونخواہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کے پی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے سندھ کے بلے باز بڑا اسکور نہ کرسکے، خرم منظور 5، سعود شکیل 0، احسن علی 5 رنز بناسکے۔
جارح مزاج بلے باز شان مسعود نے کچھ مزاحمت کی اور 54 رنز کی اننگز کھیلی، شرجیل خان 26 اور انور علی کے برق رفتار 34 رنز کی بدولت سندھ نے کےپی کو جیت کے لئے 152 رنز کا ہدف دیا، کے پی کی جانب سے افتخار احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:شرجیل خان کا لاٹھی چارج، سدرن پنجاب کو شکست
جواب میں افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان کے عمدہ بلے بازی کے باعث کے پی نے سندھ کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی، ٹاپ آرڈر کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے باالترتیب 49 اور 54 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
شاندار کارکردگی پر کے پی کے آل راؤنڈر افتخار احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔