پشاور : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد ملک بھر میں رواں برس اس وائرس سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 56 تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے مطابق پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوا ہے۔
این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے، رواں سال صرف ڈی آئی خان سے 7پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق رواں سال بلوچستان سے 26، کے پی سے 15کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال سندھ 13، پنجاب، اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔
اس سے قبل پاکستان میں پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد پولیو کیسز کی تعداد 55 ہوگئی تھی۔
قومی ادارہ صحت کی ریجنل لیبارٹری نے 3 پولیو کیسز کی تصدیق کر دی جس کے مطابق پولیو کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب اور جعفر آباد سے رپورٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ پولیو ایسا موذی مرض ہے جس کا شکار بچہ زندگی بھر کے لیے چلنے پھرنے سے معذور ہو جاتا ہے۔
پولیو کی روک تھام کے لیے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 1992 میں ہوا تھا۔ جس میں ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاتے ہیں۔
تاہم کئی پسماندہ علاقوں میں مختلف منفی مفروضوں کے باعث والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کر دیتے ہیں جب کہ کئی پولیو ورکرز اس مہم میں اپنی جانیں بھی گنوا بیٹھے ہیں۔