کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں افسر اور 5 سپاہی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میجر ندیم اور 5 سپاہی شہید ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق دیسی ساختہ بارودی مواد سے فورسز کی گاڑی کو ہدف بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں میجر ندیم عباس بھٹی، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔
1 offr, 5 soldiers embraced shahadat as FC South #Balochistan vehicle was targeted with remote controlled IED while returning from patrolling in Buleda, 14 kms from Pak-Iran Border, to check possible routes used by terrorists in mountainous terrain of Mekran. #OurMartyrsOurHeroes pic.twitter.com/mES0jMWRxq
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) May 8, 2020
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاک افغان سرحد کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوان کی شناخت لانس نائیک تقدیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوران فوجی جوان بارودی سرنگ کی زد میں آئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے افسر میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین شہید ہوگئے تھے۔